دعائے حزب البحر منسوب بہ حضرت امام شیخ ابو الحسن الشاذلیؒ




 دعائے حزب البحر منسوب بہ حضرت امام شیخ ابو الحسن الشاذلی

دعائےحزب البحر روحانی ترقی ومخفی مخلوقات کو تابع کرنے کا ایک مجرب وظیفہ۔
اس دعائے حزب البحر کی زکوٰۃ ماہ صفر کی 6 ۔ 7 اور 8 تاریخ کو دی جاتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
از: محمد سعید الرحمنٰ، ایڈوکیٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حضرت شیخ امام ابوالحسن شاذلی رحمتہ اللہ علیہ کا نام ابوالحسن علی بن عبد الله تھا آپ سلسلہ شاذليہ کے بانی ہیں ۔ آپ کے خاندان نے قصبہ"شاذلہ" تیونس میں رہائش اختیار کی تھی ،اسی کی نسبت سے آپ "شاذلی"کہلائے گے ۔آپ حضرت سیدنا عبدالسلام بن مشیش علیہ الرحمہ کےدستِ حق پرست پر بیعت ہوئے،اورمجاہدات وسلوک کی منازل طےکرنےکےبعد خلافت واجازت سےمشرف ہوئے۔
شیخ شازلی کے پیر طریقت حضرت شیخ عبد السلام مشیش نے حضرت شیخ ابو مدین مغربی سے کسب فیض کیا تھا، حضرت شیخ ابومدیں مغربی کی ملاقات سفر حجاز کے دوران حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی سے بھی ہوئی تھی جنہیں حضور غوث پاک نے خرقہ خلافت بھی عطا کیا اس لحاظ سے سلسلہ شاذلیہ نسبت کے لحاظ سے سلسلہ قادریہ سے بھی جڑا ہوا ہے۔ واضع رہے کہ حضرت شیخ ابومدین کو شیخ مغرب کہا جاتا ہے اور حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی کو شیخِ مشرق کہا جاتا ہے۔ حضرت شیخ ابو مدیں کی صحبت وخدمت میں رہ کر بہت سے مشائخ نے تربیت پائی ہےجن میں حضرت شیخ محی ابن عربی ؒ بھی شامل ہیں ۔
بارگاہ رسالت مآب ﷺ سے حضرت شیخ ابو الحسن شازلی رحمتہ اللہ علیہ کے قلب پر دوران سفر حج حفاطت کے لیے ایک خاص دعا سمندر میں القا ہوئی جو صوفیوں میں دعائے حزب البحرکے نام سے مشہور ہے۔ بہت سےاولیائےکرام اس دعا کی فضیلت سے مقام ولایت کی منازل طے کی ہیں۔ یہ دعا صوفیاء میں بہت مقبول ہے اور تمام سلاسل کے بزرگوں نے اس کو اپنایا ہوا ہے. حضرت شیخ شازلی ؒ فرماتےہیں:
” اس دعا کے الفاظ میں نے نہیں تراشے بلکہ ایک ایک حرف رسول اللہ ﷺ سےعطاہوا اورمیں نےنہ صرف یہ کہ خود اس کو اپنے ورد میں رکھا اور اس کے ذریعے روحانی فیوض و برکات حاصل کئے بلکہ راہ سلوک طے کرنے والوں کے لئے اس کو عام کیا ہے“ ۔
آپ نے اپنے مریدین ومعتقدیں کو اس دعائے حزب البحر کے بارے میں وصیت کی کہ اپنی اولادوں کو یہ دعائے حزب البحر زبانی یاد کراؤ ، بے شک اس میں اسم اعظم ہے ۔ یہ دعائے حزب البحر وفا ہونے والا وعدہ اور حفاظت کرنے والی ڈھال ہے۔ اس کے علاوہ مختلف اوقات میں اس کے پڑھنے کے بہت سارے خواص ہیں ۔
حضرت ابن عیا د ؒ سے روایت ہے کہ جو کوئی اس دعا کو طلوع آفتاب کے وقت بڑھے اللہ تعالیٰ اس کی دعا کو مقبول، اس کی تکلیف کو رفع اور لوگوں کے درمیان اس کی قدر ومنزلت کو بلند اور اس کی تنگدستی کو کشادگی میں تبدیل فرما دے گا۔
حزب البحر جنات کے ہاں بھی بہت مقبول وظیفہ ہے اور بڑے بڑے عالم فاضل جنات اس دعا کو پڑھتے .حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ حزب البحر کے بہت بڑے عامل تھے،آپؒ نے فارسی میں اسکی عالمانہ و عارفانہ شرح بھی لکھی ہے۔
کیوں کہ دعائے حزب البحر ایک خاص دعا ہے اور یہ دعاء ہزارہا اولیائے کاملین کے وظائف میں رہی ہے ، اس لیے اس دعاء کو پڑھنے کے لیے خاص اجازت کی ضرورت نہیں کیونکہ دعا، دعا ہی ہوتی ہے۔ اور دعا ہر کوئی مانگ سکتا ہے۔ البتہ اولیاء اللہ کا معمول رہا ہے کہ اجازت لی جائے اور دی جائے۔ اس سے برکت بھی ہوتی ہے، تاثیر میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور توجہ بھی حاصل ہوتی اس لیے کسی شازلی سلسلے کے صاحبِ اجازت سے بطور وطیفہ کے اس دعا کے پڑھنے کی اجازت لے لی جائے تو مناسب ہے۔اس طرح کی اجازت عاملانہ اجازت نہیں کہلاتی بلکہ برکت والی اجازت کہلاتی ہے۔ بصورت دیگر اگر کوئی سلسلہ شازلیہ کا صاحب اجازت صوفی مئیسر نہیں ہے تو اپنے شیخ طریقت کی اجازت سے یا حضرت شیخ ابو الحسن شازلی ؒ کی اجازتِ عام متصور کرتے ہوئے اس دعا کو اپنا وطیفہ بنا سکتا ہے اور اس دعا کے فیوض وبرکات حاصل کرسکتا ہے۔ البتہ اس دعا کا عامل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ اس کی زکوۃ دی جائے جو مختلف مشائخ اکرام و معروف عاملین نے وضع کیا ہے ۔
طریقہ زکوٰۃ کبیر :
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اگر کوئی شخص دعائے حزب البحر کا عامل ہونا چاہتا ہو تو اس کے لیے پہلے چند شرائظ کے ساتھ زکوۃ دینا لازمی ہے۔ دوران زکوۃ کے ایام میں جو صفر المظفر کی 6۔ 7۔ 8 تاریخ ہےترک حیوانات جلالی و جمالی کرنا ضروری ہے، اگر آسانی ہو اور حالات اجازت دیتے ہوں تو سلا ہوا لباس نہ پہنے اور اس طرح کا لباس پہنے جو حالت احرام میں پہنا جاتا ہے۔ مزید برآن ان تین ایام میں روزہ رکھے اور اگر ہوسکے تو (یکسوی کے لیے صفر کی 6۔7۔8۔ تاریخ کو) مسجد میں اعتکاف کرئے ورنہ گھر میں ہی کوئی گوشہ مقرر کرلے۔ لفظ بحر کے دو سو دس (210) عدد ہوتے ہیں، اس لئے ان تین تاریخوں میں اس بحر کو پرھنے کے لیے دو سو دس کی تعداد کو تین ایام پر تقسیم کردیا ہے۔ پس بہ نیت ادائے نصاب ماہ صفر کی 6۔7۔8 تاریخ کو بعد نماز ظہر روزانہ ستر بار حزب البحر پڑھے۔ بعد ادائے نصاب 9/صفر کو ایصال ثواب برائےروح حضرت ابوالحسن شازلیؒ حسب مقدور چند مساکین کو کھانا کھلایا جائے اور اگر استعداد ہے تو ایک گائے ذبح کرئے یا پھر جیسی استطاعت ہو کوئی جانور ذبح کرکے صدقہ کردے۔ زکوۃ کا یہ طریقہ زکوۃ کبیر کہلاتا ہے اور زیادہ تر مشائج اس ہی طریقے پر اس دعائے حسب البحر کی زکوۃ دیتے ہیں ۔
طریقہ زکوٰۃ متوسط :
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
طریقہ زکوٰۃ متوسط یہ ہے کہ (صفر کی 6 تارئخ سے بارہ دن 12 میں دعائے حزب البحر 360بار پڑھی جائے یعنی ہر روز 30بار پڑھے اور ہر روز ایک مرغ ذبح کرکے صدقہ کرئے اور ہوسکے تو کچھ نقد بھی حسب استطاعت صدقہ کرئے۔ روزانہ تیس بار پڑھنے کے واقات کی ترتیب اپنی سہولت سے مقرر کرلے مگر اس ترتیب میں کسی بھی دن کمی و بیشی نہ ہو اور ان ایام میں روزے رکھے اور گائے کے گوشت سے پرہیز کیا جائے۔
طریقہ زکوٰۃ صغیر:
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
طریقہ زکوٰۃ صغیر یہ ہے کہ صفر کی 6 تاریخ سے چھ دن میں 60 دفعہ روز کے حساب سے یہ دعا بڑھی جائے۔ پڑھنے کے واقات کی ترتیب اپنی سہولت سے مقرر کرلے مگر اس ترتیب میں کسی بھی دن کمی و بیشی نہ ہو۔ بعض کا طریقہ ہے کہ چالیس دن(40) میں 360بار پڑھا جائے۔ دوران زکوۃ روزانہ حسب استطاعت کچھ نقد صدقہ کرئے اور ان ایام میں روزہ رکھے اور گائے کے گوشت سے پرہیز کیا جائے۔
عمومی طریقہ زکوٰۃ؛
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس کی زکوٰۃ کا ایک آسان اور عمومی طریقہ یہ بھی ہے کہ صفر کی 6 تاریخ سے سال بھر بلا ناغہ ایک بار کسی مقرر وقت پر یہ دعا پڑھ لی جائے مگر گائے کے گوشت سے سال بھر پرہیز رکھا جائے۔ سال بھر اس طریقے سے یہ حزب البحر پڑھنے والا بھی اس کا عامل بن جاتا ہے اور مخفی مخلوقات اس کے تابع ہوجاتے ہیں۔
بعد ادائیگی زکوٰۃ بطورنصاب روزانہ کی بنیاد پر ایک بار یہ دعا پڑھنا کافی ہے مگر وقت مقرر کرنا ضروری ہے، کسی ایک وقت کو مخصوص کرکے اس دعا کو معمول بنالیا جائے۔ جب کسی حاجت کے لئے حزب البحر پڑھنا چاہےتو پہلے ایک بار سورہ فاتحہ پڑھ کر بارہ(12) بار روزانہ پوری حزب البحر پڑھنا چاہئے جب تک حاجت براری نہ ہو۔
جو انسان اس دعا کا عامل بن جاتا ہے اس پر حجابات اٹھ جاتے اور مخفی مخلوقات اسکے تابع ہوجاتی ہیں ۔دعائے حزب البحر جس گھر میں روزانہ پڑھی یا سنی جاتی ہے وہاں اللہ کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے ،شیاطین اس گھر سے بھاگتے ہیں ۔نیک ارواح پہرہ دیتی ہیں۔ تاہم اس بحر کے پڑھتے وقت خوشبویات کا اہتمام رکھنا لازمی ہے کیونکہ نیک ارواح خوشبویات پسند فرماتی ہیں۔
ویسے دعا اور عملیات کی زکوٰة زندگی میں صرف ایک بار کافی ہوتی ہے، ہر سال ضروری نہیں؛ البتہ دعا یا عمل کی قوت مزید بڑھانے کے لیے ہر سال زکوٰة کا عمل کرلینا بہتر ہے ۔ لہٰذا عاملیں کو چاہیے کہ ہر سال دعائے حزب البحر کی زکوٰة کا عمل کرلیا کریں ، یعنی: صفر کی 6۔ 7۔ اور 8 تاریخ کو روزانہ دعائے حزب البحر تین مرتبہ پڑھیں۔ ایک بعد نمازمغرب ، دوسری بعد نماز عشا تیسری بعد نماز چاشت تو بہتر ہے۔ فیس بک پر 30 اگسٹ 2022۴ء کو پوسٹ کیاگیا ایک آرتیکل ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

سلسلہِ صندلیہ . حضرت علی محمد المعروف میاں صندل شاہ رحمتہ اللہ علیہ

جون ایلیا ایک تعارف